اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیراعظم کے رابطہ کاربرائے معیشت وتوانائی بلال اظہرکیانی نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پرگامزن ہوچکی ہے، آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔جمعرات کواپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ وزیرخزانہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈارنے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے سٹینڈبائی معاہدے کے تحت سٹیٹ بینک کو3 ارب ڈالرمیں سے 1.2 ارب ڈالرکی پہلی قسط موصول ہوگئی ہے ۔ 1.8 ارب ڈالرکی باقی ماندہ رقم دو جائزوں کے بعد نومبراورفروری میں پاکستان کوملے گی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک ہفتہ میں سعودی عرب سے دوارب ڈالر، یواے ای سے ایک ارب ڈالر اورآئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالرکے فنڈز پاکستان کومنتقل ہوچکے ہیں۔ مجموعی طورپر ایک ہفتہ کی مدت میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرکی معاونت موصول ہوچکی ہے۔
پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پرگامزن ہوچکی ہے، بلال اظہرکیانی
Jul 14, 2023