سپریم کورٹ کے آنے والے 3اہم فیصلے دن میں تارے دکھا سکتے ہیں‘ شیخ رشید

Jul 14, 2023

لاہور( این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پشاور میں شہباز شریف نے کہا ہے کرپشن اور سفارش سکہ رائج الوقت ہے جو کرنا ہے آپ نے کرنا ہے میرے سہارے پر نہیں رہنا، انہوں نے نام ریاست بچانے کا لیا اور کام اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرانے کے لیے کیے اور عوام کو مہنگائی بیروزگاری کی سولی پر لٹکا دیا، جس دن فرد جرم لگنی تھی اسی دن حلف اٹھایا ،جس اسمبلی کو یہ جعلی کہتے تھے اسی نام نہاد اسمبلی جس کی نہ عزت ہے نہ توقیر ایسے قانون پاس کرائے جن کی آئینی ترمیم کے بغیر کوئی حیثیت اور افادیت نہیں۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 12 اگست موجودہ حکومت کی ڈیڈ لائن ہے ،سپریم کورٹ کے 3 اہم ترین فیصلے عنقریب آنے والے ہیں جو انہیں دن میں تارے دکھا سکتے ہیں،24 کروڑ عوام بے شعور نہیں باشعور ہو چکے ہیں ،خوابوں کے محل چکنا چور ہوں گے ،عوام میں 13 سیاسی پارٹیوں کی سیاسی موت واقع ہو چکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ دور جمہوریت کا بد ترین دور ہے یہ جمہوریت نہیں مجبوریت کا سیاہ دور ہے ،چادر اور چار دیواری آئین اور قانون عدلیہ اور انصاف کا جنازہ نکل چکا ہے ،کسی پارٹی کونا اہل کرانے کے لیے ان کی خواہشوںاورخوابوں کے محل سپریم کورٹ کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں ،یہ 13 پارٹیوں کا غیر فطری اتحاد ہے جس کا شیرازہ الیکشن سے پہلے بکھر جائے گا ،قرض لینے کا پروگرام ہے قرض واپسی کا ان کے پاس کوئی پروگرام نہیںکیونکہ بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی ادائیگیاں اس کے زرمبادلہ کے ذخائر سے 6 گنا زیادہ ہو گئی ہیں، یہ نواز شریف کو بھی بلوا لیں تا کہ کوئی حسرت باقی نہ رہے ،جیسے مرضی الیکشن کروا لیں 24 کروڑ عوام کے جذبات کا خون نہیں کیا جا سکتا،پاکستان کی معاشی سیاسی اور اقتصادی صورتحال اللہ اور عوام کی مدد کے بغیر ٹھیک نہیں ہو سکتی۔

مزیدخبریں