لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز اور ویمنز ایونٹس کیلئے یکساں انعامی رقم کا اعلان کردیا۔ انعامی رقم کا اعلان ڈربن میں آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ کے دوران کیا گیا۔آئی سی سی نے کہاہے کہ اوور ریٹ کی پابندیوں اور جرمانوں میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، کھلاڑیوں کو میچ فیس کے پانچ فیصد کے برابر جرمانہ کیا جائیگا۔اوور ریٹ کی زیادہ سے زیادہ سزا میچ فیس کا پچاس فیصد حصہ ہوگا، کوئی ٹیم 80 اوور تک پہنچنے سے پہلے ہی آؤٹ ہو جاتی ہے تو اوور ریٹ جرمانہ نہیں ہوگا۔آئی سی سی چیئرمین گریک بارکلے نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا سنگ میل ہے۔آئی سی سی کے مطابق ممبرز ممالک کی فنڈنگ میں بھی اضافہ کر دیا ہے، ممبر ممالک کو بنیادی فنڈنگ کیساتھ کھیل میں حصے کی بنیاد پر رقم ملے گی۔آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی لیگز کیلئے بھی قوانین بنادیئے۔ لیگز کھلاڑیوں کے ہوم بورڈز کو فیس دینے کی پابند ہوں گی۔ لیگز میں پلیئنگ الیون کے حوالے سے بھی آئی سی سی نے قانون بنادیا جس کے مطابق پلیئنگ الیون میں کم از کم 7 مقامی یا ایسوسی ایٹ پلیئرز کی شمولیت لازم ہے۔