عوام مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے، صادق سنجرانی

Jul 14, 2023

 اسلام آباد (خبرنگار)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے۔انہوں نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ان  22 کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 1931 میں ڈوگرہ فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے عظیم قربانی دی اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔آج بھی 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے-مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کو نسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو روکنے کے لئے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔

مزیدخبریں