اسلام آباد / راولپنڈی (نامہ نگار ) جہان تشیع کے روحانی پیشوا، سرپرست اعلی سپریم شیعہ علما بورڈ اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی پہلی برسی کا مرکزی اجتماع 'پیام موسوی کنونشن' آج جامعہ المرتضی اسلام آباد میں ہوگا۔ کنونشن میں شرکت کے لئے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سے عمائدین ملت، پیروکاران آقائے موسوی اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صوبائی زمہ داران کی اسلام آباد آمد شروع ہوگئی ہے۔ پیام موسوی کنونشن سے ملک بھر سے آئے ہوئے علما کرام، ذاکرین عظام، واعظیں و شعرا خطاب کریں گے اور ملک و ملت کے لئے ناقابل فراموش خدمات پر اپنے قائد کو نظرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ کنونشن کے حوالے سے تنظیمی ذمہ داران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرزند قائد آغا علی روح العباس موسوی نے کہا کہ آقائے موسوی کا پیام حب الوطنی اور مذہبی رواداری کو اجاگر کرکے پاکستان کو ہر بیرونی و اندرونی سازش سے محفوظ بناتے رہیں گے۔ کنونشن کے آغاز سے قبل علما کرام، عمائدین ملت اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنما مرقد قائد پر چادر پوشی کریں گے جبکہ مختار فورس و ابراہیم اسکاٹس کے جوان اپنے قائد کو سلامی پیش کریں گے۔