اسلام آباد(نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ٹیک سپارک کے عنوان سے نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں مکینیکل انجینئرنگ اور الیکٹریکل، کمپیوٹر انجینئرنگ اور سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کے آخری سال کے پروجیکٹس کی نمائش کی گئی۔نمائش کا افتتاح صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کیا اس موقع پر چیمبر ٓف کامرس کا ا ایک وفد بھی ا سلام آباد چیمبر آف کامرس کے صد ر کے ہمراہ تھا۔ مہمانان خصوصی اور وفد نے طلباء کی طرف سے لگائے گئے متعدد سٹالز کا دورہ کیا۔صدر اسلامی یونیورسٹی اور صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز دونوں نے نمائشی سٹالز کے دورے کے دوران دیکھی گئی غیر معمولی سرگرمیوں کی تعریف کی۔فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد شیخ نے منتظمین کو شاندار نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے طلباء کو اپنی صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ ٹیک اسپارک نمائش فیکلٹی بلاک کے آڈیٹوریم میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب میں انجینئرنگ کے طلباء کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ صنعتوں اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔