اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2023 کے داخلے کل شروع ہوں گے

Jul 14, 2023

اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2023 کے پہلے مرحلے کے داخلے ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت  بلتستان میں ایک ساتھ کل(ہفتہ 15جولائی،2023 )سے شروع ہورہے ہیں، داخلے کے خواہشمند طلبا و طالبات کو رہائش گاہوں کے قریب ترین مقامات پر سہولت فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹی نے ملک کے مختلف شہروں میں قائم 54۔ علاقائی دفاتر اور 100۔سے زائد رابطہ دفاتر میں 'پراسپکٹس سیل پوائنٹس'قائم کردئیے ہیں۔ علاقائی دفاتر میں معلوماتی کاونٹرز اور سہولت مراکز کو بھی فعال کردیا گیا ہے۔ پیش کئے جانے والے پروگراموں میں بی ایس، ایم ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی، میٹرک، انٹر میڈیٹ، مڈل ٹیک اور سرٹیفکیٹ کورسزشامل ہیں۔ اوپن یونیورسٹی بلوچستان، سابقہ فاٹا اور گلگت بلتستان کے طلبہ کو میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرتی ہے۔میٹرک، ایف اے، مڈل ٹیک اور سرٹیفکیٹ کورسز کے داخلوں کی آخری تاریخ 5ستمبر جبکہ بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے داخلوں کی آخری تاریخ 15اگست مقرر کی گئی ہے۔میٹرک اور ایف اے پروگراموں کے داخلہ فارم مینول اور آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کرنے کی سہولت ہوگی جبکہ باقی پروگراموں میں داخلے کے لئے آن لائن اپلائی لازمی قرار دی گئی ہے۔میٹرک، ایف اے، مڈل ٹیک اور سرٹیفکیٹ کورسز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی دفاتر/رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس سے حاصل کرسکتے ہیں جبکہ بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں، ان پروگراموں میں آن لائن اپلائی کیا جاسکتا ہے۔ جاری طلبا و طالبات یونیورسٹی ویب سائٹ پر آن لائن انرولمنٹ کرسکیں گے۔یونیورسٹی کی نئی پالیسی کے تحت اب دنیا بھر میں رہنے والے اوورسیز پاکستانی اور بین الاقوامی طلبہ بھی،میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگرامز میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں