ستلج اور چناب میں پانی کا بہاؤ کم،دریائے سندھ میں اضافہ

Jul 14, 2023 | 11:00

 دریائے ستلج اور چناب میں پانی کے بہاؤ میں کمی آگئی تاہم دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے سندھ کوٹ مٹھن کے مقام پرپانی 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک ہے اور دریائے سندھ میں پانی کا اخراج 2 لاکھ ایک ہزار کیوسک ہے۔فلڈ کنٹرول روم نے بتایا کہ دریائے سندھ کوٹ مٹھن کے مقام پرپانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔دریائے چناب میں آنے والے سیلابی ریلے کے بہاؤ میں مسلسل کمی جاری ہے، تریموں ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کی آمد 70 ہزار اور اخراج 57 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جب کہ جھنگ میں دریا کنارے واقع آبادیوں میں بھی پانی کی سطح کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنز  کے مطابق دریائے ستلج میں بھی پانی کا بہاؤ کم ہوگیا ہے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔اس کے علاوہ ہیڈ بلوکی میں دریائے راوی میں پانی کی صورتحال بھی نارمل ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنز کے مطابق سینٹر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤکم ہوکر 90 ہزار کیوسک رہ گیا ہے جب کہ سطح 21.6 فٹ بلند ہے، اس سے قبل یہاں پانی کی آمد ایک لاکھ 14 ہزار 260 کیوسک تھی۔ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان کے مطابق 83کشتیاں سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں اور 7 ہزار سے زائد افراد کو شفٹ کردیا گیا ہے۔مقامی لوگوں کےمطابق 20 سے زائد دیہات مکمل طور پر سیلاب کی زد میں ہیں جب کہ اشیائے خورونوش اور مویشیوں کے لیے چارے کا فقدان ہے۔

مزیدخبریں