حکمران جس ملک میں جاتے ہیں لوگ کہتے ہیں بھیک مانگنے والے آ گئے،سعودی اور یو اے ای نے 3 ارب ڈالر کسی اور کے کہنے پر دئیے،سربراہ عوامی مسلم لیگشیخ رشید کا کہنا ہے کہ آنے والا الیکشن یوم حساب اور احتساب ہو گا،قیامت سے پہلے حکومت پر سیاسی قیامت ٹوٹی گی۔ تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو قرضہ اُس وقت ملا جب مہمان اداکاروں کا کھیل ختم ہونے والا تھا اور معاہدے کا آخری دن تھا۔ یہ کہتے تھے ہمارے پاس پلان بی اور سی ہے،حقیقت میں انکے پاس کوئی پلان نہیں تھا۔ سعودی عرب اور یو اے ای نے 3 ارب ڈالر کسی اور کے کہنے پر دئیے،انکے کہنے پر 5 ڈالر کوئی خیرات نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جس ملک میں جاتے ہیں لوگ کہتے ہیں بھیک مانگنے والے آ گئے،شہباز شریف تقریری مقابلے پر نکلا ہوا ہے،دن میں آدھی درجن تقریریں کرتا ہے اور آدھی درجن تصویریں کھنچواتا ہے لیکن 15 مہینے میں نتیجہ صرف آئی ایم ایف کے 1 ارب ڈالر کی پہلی قسط کا قرضہ ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا اور آئی ایم ایف جمہور کی آواز کا احترام کرتی ہے اور قرضے کی 3 قسطوں کی بنیادی وجہ الیکشن کی یقین دہانی ہے،بجلی گیس مہنگی اور سبسڈی ختم غریب پر مہنگائی کا مزید بوجھ بڑھے گا، معیشت آکسیجن ٹینٹ پر لگی ہے جبکہ نہ ایکسپورٹ ہے اور نہ ترسیلات ہیں۔کارخانے چل نہیں رہے،گروتھ صفر ہے اوررسیز پاکستانی ناراض ہیں،ادائیگیاں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر سے 6 گناء زیادہ ہو گئی ہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے خاموشی اختیار کی ہے اور بلاول بھٹو کی امریکی یاترا ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ مولانا فضل الرحمان بھی بیزار ہے،یہ کہتے ہیں سیاست نہیں بچائی ریاست بچائی ہے حالانکہ انہوں نے اپنے آپ کو کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کیسوں سے بچایا ہے۔