ملکی ترقی کیلئے منفی باتوں کو پاؤں کی زنجیر بنانے کے بجائے حل نکالنا ہو گا،وزیراعظم

 وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے منفی باتوں کو پاؤں کی زنجیر بنانے کے بجائے حل نکالنا ہو گا،75 سال میں جو عادتیں پڑ گئی ہیں ان بتوں کو توڑنا آسان نہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا،وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سب کا حق ہے کسی ایک طبقے کا نہیں،امیر اور غریب کا فرق ختم ہونے تک قائداعظم کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ شعبہ تعلیم میں اصلاحات کیلئے کوششیں جاری ہیں،نوجوان نسل ہی کرپشن کا خاتمہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکلز ڈویلمپنٹ ہماری پہلی ترجیح ہے،فنی تعلیم سے آراستہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے سے تجارتی خسارے میں کمی آئے گی۔ ہماری حکومت کا صرف ایک ماہ رہ گیا ہے،میرے لیے کوئی خدمت ہو تو جان نچھاور کرنے کو تیار ہوں،طلبہ اس ملک کے عظیم معمار ہیں اور گارڈ آف آنر کے اصل حقدار ہیں۔شہباز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں وزارت اعلٰی کے دور میں ووکیشنل ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی،ملکی ترقی کیلئے فنی تعلیم کو فروغ دینا نہایت ضروری ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ دانش اسکول کے قیام پر مختلف طریقوں سے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی گئی،تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی صوبائی حکومتیں اور فوج ملکر معاشی بحالی کے قومی پلان کو کامیاب بنائیں گے،خلیجی ممالک سے بڑی سرمایہ کاری کی راہیں کھل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ایک ہی راستہ ہے کہ کشکول توڑ دیں اور مقروض رہنا چھوڑ دیں،پوری قوم یکسو ہے کہ قرض کی زندگی نامنظور ہے۔ محتاجی کی زنجیریں توڑ کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہوجائیں، جس کا ہراول دستہ نوجوانوں کو بننا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن