لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں سسٹم اور سٹرکچر میں بہتری کی ضرورت ہے، میں پاکستان کرکٹ کے حوالے سے کوئی بڑے دعوے نہیں کروں گا، پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنے کیلئے ہم سب کو مشترکہ کوشش کرنا ہوگی۔ پاکستان کرکٹ میں مجھے شاندار ویلکم کیا گیا ہے، میں یہ ذمہ داری دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے، میری چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سلیکٹرز سے مشاورت بھی ہوئی ہے، اور اب تک میرا پاکستان کرکٹ کیساتھ تجربہ شاندار رہا ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن تھی، پاکستان کرکٹ میں بہتری کی بہت ضرورت ہے، ہماری آسٹریلیا کیساتھ بھی ٹیسٹ سیریز آرہی ہے، کوشش ہوگی معیاری کرکٹ کھیلی جائے۔ میری کوشش ہے کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کیا جائے، چیئرمین پی سی بی نے ہماری بات سنی ہے، میری دیگر کوچنگ سٹاف سے بات ہوئی کہ کس طرح پاکستان کرکٹ کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے ہماری تجاویز کو سنا ہے اور اس پر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ویڈیوز یا فوٹیجز میں دیکھنا اور سامنے ملاقات کرنے میں فرق ہوتا ہے، میں نے بھی کھلاڑیوں کو ویڈیوز میں دیکھا تھا لیکن اب ملاقات کرنے کا موقع ملا ہے، پاکستانی کرکٹرز بہت پرجوش اور سیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے نوجوان کھلاڑی بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، پاکستان کرکٹ میں اچھے کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے، پاکستان کرکٹ میں سسٹم اور سٹرکچر میں بہتری کی ضرورت ہے۔ جو ہمارے پاس وسائل موجود ہیں کوشش ہے انہی سے بہترین کھیل پیش کریں۔
پاکستان کرکٹ سسٹم، سٹرکچر میں بہتری کی ضرورت: جیسن گلیسپی
Jul 14, 2024