لاہور ( خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آسٹریلیا (وکٹوریا) میں الہدایہ کیمپ 2024ء کے پہلے سیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان بہترین اخلاق کیساتھ اسلام کے ترجمان بنیں۔ حضور نبی اکرم ؐ نے اخلاق اور کردار سنوارنے پر سب سے زیادہ محنت کی۔ مغرب میں مقیم نوجوان جدیدعلوم کے ساتھ اسلام کے داعی اورایک ذمہ دار شہری بنیں۔ امہ کے افراد کے مثالی کردار سے اسلام کا وقار بڑھے گا اور دیگر کمیونٹیز متوجہ ہونگی۔ اسلام محض اقوال کا نہیں اعمال کا دین ہے۔ وعظ سے زیادہ عمل متاثر کن ہوتا ہے۔ سیرت طیبہ ہم سب کیلئے رول ماڈل ہے۔ بدترین دشمنان اسلام بھی اپنی امانتیں آپؐ کے سپرد کرتے تھے اور جانی دشمنی کے باوجود ان کی زبانیں اور ان کے دل میں آپ کی صداقت و امانت کی گواہی دیتی تھیں۔ امہ کے بیٹے اور بیٹیاں اپنے اعمال، افعال اور اقوال میں سیرت مصطفیؐ کی جھلک پیدا کریں۔ آج کے دور کا بڑا فتنہ نوجوانوں کو اللہ کے وجود سے برگشتہ کرنا اور مذہب کو غیر ضروری چیز ظاہر کرنا ہے۔ انسانی معاشرت کی فکری عمارت توحید باری تعالیٰ اور مذہب کی بنیادوں پر استوار ہے۔ نوجوان اس فتنے سے بچیں غیر مستند اور منتشر الخیال ابحاث میں وقت ضائع نہ کریں۔ براہ راست قرآن و سیرت طیبہ اور رسوخ فی العلم والی شخصیات سے رہنمائی لیتے رہیں۔
نوجوان بہترین اخلاق کیساتھ اسلام کے ترجمان بنیں:ڈاکٹر طاہرالقادری
Jul 14, 2024