طوفانی بارش۔ نکاسی آب کیلئے  وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات 

Jul 14, 2024

اداریہ

وزیراعلیٰ نے شدید بارش کے باعث سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور واسا عملہ پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں۔ انہوں نے لاہور سمیت تمام شہروں میں نکاسی آب کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر پیشگی تیاری کا حکم دیا۔ مرکزی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کیلئے بلا تعطل کام کیا جائے۔ مختلف شہروں میں مسلسل بارش سے پیدا شدہ صورتحال ہنگامی اقدامات کی متقاضی ہے۔ بارش کے بعد سڑکوں بازاروں اور گلیوں میں پانی نظر نہیں چاہیے۔ دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں بارش کے پانی کے نکاس کے ہنگامی اقدامات کی نگرانی جاری رہی۔ مریم نواز نے شیخوپورہ میں شدید بارش کی وجہ سے چھت گرنے سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔
ہر سال مون سون کے موسم میں ہونیوالی طوفانی بارشوں کے بارے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے پہلے ہی الرٹ کر دیا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے انتظامی اداروں کو اس وقت ہوش آتا ہے جب پانی سر سے گزر جاتا ہے۔ اس وقت مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے‘ گزشتہ روز لاہور سمیت کئی شہروں کو طوفانی بارش نے ڈبو دیا۔ یہ امر اطمینان بخش ہے کہ اس بار وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں عملہ مسلسل فیلڈ میں موجود ہے جو نکاسی آب کیلئے گرینڈ اپریشن جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں شدید بارش کے باوجود نشیبی علاقوں میں پانی تادیر کھڑا نظر نہیں آیا۔ عیدالاضحی کے موقع پر بھی وزیراعلیٰ کی ہدایات پر شہروں میں آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کا اہتمام کرکے شہروں کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا گیا۔ اگر انتظامیہ کی طرف سے اسی مستعدی کے ساتھ کام کیا جائے تو ملک میں سیلاب اور طوفانی بارشوں کی تباہ کاریوں سے بچا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں