واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی صدر بائیڈن کی انتخابی مہم کیلئے بری خبر سامنے آگئی، ڈیمو کریٹ ڈونرز نے انتخابی مہم کیلئے 90 ملین ڈالر کی فنڈنگ روک دی۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیموکریٹ سپرپیک نے مباحثے میں ناقص کارکردگی پر الیکشن فنڈنگ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈیموکریٹ سپرپیک نے مطالبہ کیا ہے کہ صدر بائیڈن الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کریں، کانگریس میں ڈیموکریٹ پارلیمانی لیڈر حکیم جیفریز نے بھی صدر بائیڈن کی حمایت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن سے حکیم جیفریز کی ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے امریکی صدر کو ارکان کانگریس کا پیغام پہنچایا۔ اس سے قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گزشتہ دنوں صدارتی مباحثے میں ناکامی کے بعد جوبائیڈن کی زبان ایک پھر لڑکھڑا گئی، اپنی نائب صدر کو ٹرمپ کہہ ڈالا، اس سے قبل وہ خود کو عورت بھی قرار دے چکے ہیں۔