جہلم (نوائے وقت رپورٹ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے عدالت کے 11 ججز نے الیکشن کمشن آف پاکستان کو چارج شیٹ کیا ہے۔ جہلم سے جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اگلے 45 دن حکومت کیلئے بہت اہم ہیں۔ وزراء پریشان ہیں، مخصوص سیٹیں پی ٹی آئی کو نہیں تو کسے دے دیں؟۔ انہوں نے کہا کہ وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے نہ عدالتی کارروائی سنی اور نہ ہی اٹارنی جنرل نے درست بریف کیا۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پچھلی چار سماعتوں کے دوران سیٹیں کس کو ملنی ہیں، یہی مدعا رہا، نشستیں پی ٹی آئی کو ملنی چاہئیں، 5-8 کا نہیں 2-11 کا فیصلہ ہے۔ ای سی پی نے سارا انتخابی عمل ہی مشکوک کر دیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ الیکشن کمشنر مستعفی ہوں۔ سب کی نظریں جسٹس عالیہ نیلم پر ہیں کہ ٹربیونل 4 ججز تبدیل کرتی ہیں یا نہیں؟ الیکشن ٹربیونلز کے 4 ججز کو نہ ہٹایا گیا تو اگلی سماعتیں معمول کے مطابق ہوں گی۔