لاہور(آئی این پی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آ جاتی ہے،آئین ہار گیا بیگمات جیت گئیں،، وہ شخص ریلیف نہ بھی مانگے پھر بھی اس کو دیا جاتا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن تھا، تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن میں جو غلطیاں کیں وہ وکلاء کو درست کرنی چاہیے تھیں لیکن عدالت نے درست کر دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے خود تسلیم کیا اس نے الیکشن نہیں لڑا، سوال یہ ہے ایک پارٹی کیلئے اتنا پیار کیوں ہے، لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آ جاتی ہے، وہ شخص ریلیف نہ بھی مانگے پھر بھی اس کو دیا جاتا ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نظریہ ضرورت ہمیشہ قوموں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ قومیں ہمیشہ اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہیں، ہم نے اچھے بچوں کی طرح تمام فیصلوں کو تسلیم کیا، کل عمران خان کو فائدہ پہنچایا گیا، پی ٹی آئی کو وہ ملا جو انہوں نے مانگا ہی نہیں تھا، آئین کو کسی بھی صورت شکست نہیں ہونی چاہیے۔ لاڈلے کی محبت میں قانون بالائے طاق رکھا گیا۔