تل ابیب+ واشنگٹن (این این آئی+ نیٹ نیوز) اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں راشیا الفخار روڈ پر ایک موٹر سائیکل کو مسلح ڈرون سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر موجود ایک شخص زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قبل ازیں اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس کا ایک فوجی شمالی اسرائیل میں ایک جھڑپ میں مارا گیا جب کہ اسرائیلی فوج اور لبنانی حزب اللہ کے درمیان سرحد پار سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ فوج نے اس بات کی وضاحت نہیں کہ33 سالہ سارجنٹ کیسے مارا گیا لیکن اسرائیلی اخبار نے کہا کہ وہ ڈرون حملے میں مارا گیا۔ حزب اللہ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے کیبوتیز کیپری میں اسرائیلی146 ویں بکتر بند ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا۔ دوسری جانب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہیں کرنا چاہیے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ غزہ میں جنگ اب ختم ہونی چاہئیے۔ میرے جانب سے پیش کیے گئے جنگ بندی فریم ورک پر اسرائیل اور حماس دونوں نے اتفاق کیا تھا تاہم معاہدہ طے پانے میں ابھی کچھ چیزیں باقی ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے بعض اوقات تعاون کم رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم جنگ بندی معاہدے کے لیے پرعزم ہیں تاہم اس کے لیے اسرائیل کی ریڈ لائنز کا احترام کرنا ہو گا۔ اسرائیل نے سیف زون قرار دیئے المواسی پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی۔ 86 فلسطینی شہید، 289 زخمی ہو گئے، شہداء میں زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ شاطئی کیمپ پر بھی نماز پڑھتے فلسطینیوں پر بمباری سے 15 شہید ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے الموامی کیمپ حملے میں حماس کے دو اہم کمانڈروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں حماس کمانڈر محمد ضعیف اور رافع سلامہ کو نشانہ بنایا، حماس کے دونوں کمانڈر سات اکتوبر حملے کے ماسٹر مائنڈ میں شامل تھے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کا قتل عام چھپانے کیلئے گمراہ کن خبریں پھیلا رہی ہے، ضعیف القسام بریگیڈ کے سربراہ ہیں۔القسام بریگیڈ نے رافع میں عمارت میں چھپے اسرائیلی فوج پر دستی بموں سے حملہ کر دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
سیف زون، نماز پڑھتے فلسطینیوں پر بمباری، 86 شہید: اسرائیل غزہ پر قبضہ نہ کرے: جوبائیڈن
Jul 14, 2024