لاہور + کراچی + سرگودھا + پشاور + گگو منڈی (نوائے وقت رپورٹ + نمائندگان) پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ آزاد کشمیر میں بھی بادل برسے جبکہ بلوچستان میں بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آج سے کراچی میں گرمی بڑھنے کی پیش گوئی ہے۔ سندھ‘ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرمی برقرار ہے۔ لاڑکانہ‘ تربت 48 ڈگری کے ساتھ گرم ترین شہر رہے۔ جبکہ لاہور، پشاور، کوئٹہ میں گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خیبر پی کے کے بالائی اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے خدشات کا اظہار کیا۔ دریں اثناء سرگودھا کی تحصیل ساہیوال کے گاؤں جڑولا میں شدید بارش کے باعث محمد حیات کے مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے ملبہ تلے دب کر 4 سالہ بچہ کریم خان جاں بحق اور دو بچیاں 7 سالہ آسیہ حیات، 8 سالہ شاکرہ حیات شدید زخمی ہو گئیں جن کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں گگو منڈی، بوریوالا اور اس کے مضافات میں طوفانی بارش اور تیزآندھی نے سینکڑوں درخت اور بجلی کے پول اکھاڑ دئیے۔ تیزآندھی اور طوفانی بارش سے سینکڑوں درخت گر گئے۔ پول بھی ٹوٹ گئے۔ بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ دو پٹرول پمپوں کے شیڈ بھی گر گئے۔ سولر پلیٹس کے گرنے سے ایک بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
شدید بارش، بلوچستان میں سیلابی صورتحال، سرگودھا: چھت گرنے سے بچہ جاں بحق
Jul 14, 2024