اسلام آباد+ گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا ہوتے ہی اسلام آباد پولیس گرفتار کر کے لے گئی۔ تفصیلات کے مطابق صنم جاوید کو لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر گزشتہ روز سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی گوجرانوالہ کے جج نعیم سلیم نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر روبکار جاری کی تھی۔ تاہم جیل سے باہر نکلتے ہی انہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔ صنم جاوید کی رہائی اور گرفتاری کے وقت گوجرانوالہ جیل آنے اور جانے والے تمام راستے آٹھ گھنٹے تک بند رہے۔ اسلام آباد پولیس نے صنم جاوید کی دوبارہ گرفتاری کے وقت کسی کو بھی حتیٰ کہ اہل خانہ کو بھی صنم جاوید کے پاس پہنچنے نہیں دیا اور نہ ہی گرفتاری کی کوئی وجہ بتائی۔