اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈوگرا راج میں سانحہ 13 جولائی 1931ء کی برسی پر اپنے پیغام میں سری نگر جیل کے سامنے جام شہادت نوش کرنے والے 22 موذنوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر کے شہداء قربانی کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کا نقطہ آغاز تھا۔ اذان کی تکمیل کے لیے شہید ہونے والے 22 موذنوں کی قربانی رائیگان نہیں جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکے اور کشمیریوں سے کیئے گئے اپنے وعدے نبھائے۔دنیا کے پاس مقبوضہ کشمیر کو آزادی دینے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں بچا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔ ہم مسئلہ کشمیر کے متعلق اپنے بانی چیئرمین قائدِ عوام شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اصولی موقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی مقبوضہ کشمیر میں بلا روک ٹوک جاری بھارتی بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔
سانحہ 13 جولائی 1931‘ بلاول کا سری نگر میں جام شہادت نوش کرنے والے 22 موذنوں کو خراج عقیدت
Jul 14, 2024