اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پرامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا خیر مقدم کیا۔ دونوں شخصیات نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی ،انسداد منشیات اور سکیورٹیکے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک کے اشتراک سے اکتوبر میں لا انفورسمنٹ ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں وزارت داخلہ بھر پور معاونت کرے گی۔ حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا۔ پولیس افسران کو نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ سے ٹریننگ دلوانے کے خواہش مند ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں۔ اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ جڑانوالہ سانحہ کے تمام ملزمان کو گرفتار کرے قانون کے سامنے پیش کیا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ امریکہ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد کامیاب رہا اور بہترین انتظامات کئے گئے۔ امریکہ بین الاقوامی کرکٹ کی نئی منزل بنا ہے۔ پاکستان ،امریکہ اورکینیڈا کی سہ ملکی سیریز اور امریکا اور کینیڈا میں کرکٹ لیگ کے انعقاد پر کام کررہے ہیں۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ شائقین کی بڑی تعداد دلچسپ اور سنسنی خیز میچز سے محفوظ ہوئی۔ وزیرداخلہ اور امریکی سفیر کی ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد موجود تھے۔محسن نقوی نے کوئٹہ کے علاقے اختر آباد مغربی بائی پاس کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی مذمت کی ہے اور دھماکے میں ایف سی کے شہید ہونے والے سپاہی عدنان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید سپاہی عدنان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ سے امریکی سفیر کی ملاقات، انسداد دہشتگردی، منشیات، سکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
Jul 14, 2024