راولپنڈی(جنرل رپورٹر)وزیر تعلیم پنجاب کا سرکاری سکولز کے طلبا وطالبات کی پنجاب تعلیمی بورڈز میں پوزیشنوں کے حوالے سے متنازع بیان پر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کاشف ادیب جاودانی کی ہدایات پر مرکزی سیکرٹری جنرل برائے انفارمیشن میاں اعظم علی ساغر نے پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی تعلیمی بورڈز میں پوزیشنوں بارے تقابلی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات کی پہلی ٹاپ پوزیشنیں لینے کی شرح 67% جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں کی شرح 33% ہے۔ کل 179 پوزیشنوں میں سے 120 پوزیشنیں پرائیویٹ سکولز کی ہیں جبکہ 59 پوزیشنیں سرکاری تعلیمی اداروں کی ہیں۔ کاشف ادیب جاودانی کا کہنا تھا کہ ایپسما نے کبھی بھی پبلک اور پرائیویٹ اساتذہ کرام اور طلبا کے درمیان کوئی تفریق نہیں کی بلکہ ہر سطح پر اچھے کام کی حوصلہ افزائی کی ہے۔