اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرپرسن بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بونیر میں بی آئی ایس پی تحصیل دفاتر مندنٹر اور گاگرہ کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد وہاں رجسٹریشن کیلئے آنے والی بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کو فراہم کردہ سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے وہاں موجود خواتین سے گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی رجسٹریشن کیلئے آنے والی خواتین کی صحیح طریقے سے مکمل رہنمائی کریں تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مستحق خواتین کی خدمت اور انکے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے تحصیل گدے زئی میں بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا افتتاح کا بھی کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ ڈائنامک رجسٹری سینٹر کے قیام سے غریب و ضرورت مند خواتین باعزت طریقے سے پروگرام میں اپنا اندراج کراسکیں گی اور اسطرح زیادہ سے زیادہ خواتین کو پروگرام میں شمولیت کا موقع مل سکے گا۔سینیٹر روبینہ خالد نے اس دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو بھی کی۔ روبینہ خالد نے پروگرام کے حوالے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پاکستان کی غریب خواتین کی فلاح و بہبود کے ویڑن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے دبئی میں جلاوطنی کے دوران اس پروگرام کی بنیاد رکھی جسے 2008 میں صدر آصف علی زرداری نے عملی جامہ پہنایا۔ صدر پاکستان اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق مستحق خواتین کو بلاکسی کٹوتی اور باعزت طریقے سے رقوم کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کابونیر میں تحصیل دفاتر مندنٹر اور گاگرہ کا دورہ
Jul 14, 2024