کرغزستان میں ُپرتشدد ہنگاموں کے دوران جاں بحق ہونے والے طالبعلم علی رضا کی لاش پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کردی گئی ۔

کرغزاورازبک باشندوں کے درمیان نسلی بنیاد پر چارروز سے جاری  فسادات کے باعث اسی ہزار کے قریب  افراد ازبکستان نقل مکانی کرچکے ہیں۔ اوش شہرکے مختلف علاقوں میں ہونیوالے فسادات سے اب تک ایک سو تیرہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ پندرہ سو کے قریب زخمی ہیں ۔ حکام کی جانب سے شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے تاہم ہنگامے بدستور جاری ہیں ۔ ادھرروس نے فسادات روکنے کے لیے مدد فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے تاہم روسی فوجی اڈے کی حفاظت کے لیے ڈیڑھ سو اہلکاروں پر مشتمل نیم فوجی دستے روانہ کئے گئے ہیں ۔ کرغز اور ازبک گروپوں  کے درمیان مذاکرات بھی جاری ہیں اور فسادات بند کرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ ان فسادات میں ایک پاکستانی طالب علم علی رضا بھی جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ دو سوستر محصور ہیں۔ علی رضا کی لاش پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کردی گئی ہے ۔ وزارت خارجہ نے محصور پاکستانیوں کو  واپس لانے کے لیے خصوصی طیارہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے اورتمام پاکستانیوں کو اوش ائیرپورٹ پر جمع ہونے کی ہدایت کی ہے ۔  

ای پیپر دی نیشن