انٹرنیشنل مانیٹری فنڈزکی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی معاشی حالات کی نزاکت کے باعث آئی ایم ایف پر جلد سے جلد نیا سربراہ منتخب کرنے کے لیے دباؤ ہے۔ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹوبورڈ نئے مینجنگ ڈائریکٹر کے لیے فرانس کی وزیربرائے صنعتی ومعاشی امورکرسٹین لگارڈ اوربینک آف میکسیکوکے گورنرآگسٹن کرسٹنز کے ناموں پرغورکررہا ہے۔ ایگزیکٹوبورڈ کے مطابق آگسٹن کرسٹینزآئی ایم ایف کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹرکے عہدے پربھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ نئے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے دونوں امیدواروں سے واشنگٹن میں ملاقات کے بعد حتمی فیصلہ تیس جون تک کرے گا۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے سربراہ دومنیک سٹراؤس نیویارک میں ہوٹل کی ملازمہ سے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتاری کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔