چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس طارق پرویز پر مشتمل بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کی ووٹر فہرستوں کو چیلنج کیے جانے کے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق نےعدالت کو بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن کی تشکیل گزشتہ روزمکمل ہوچکی ہے۔ موجودہ الیکشن کمیش ایسے تمام معاملات کو شفاف بنیادوں پر دیکھے گا۔ جس پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن کی فہرستوں میں جعلی ووٹوں کا اندراج سنجیدہ معاملہ ہےجسے عدالت نظر انداز نہیں کرسکتی۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عوام کے ووٹوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائےگا، عدالت چاہتی ہے کہ جمہوری نظام چلتا رہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دوہفتوں میں ووٹر لسٹوں میں سے بوگس ووٹرز کا اخراج کر عدالت کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔