مکرمی! معروف شاعر، صحافی اور فلم رائٹر ریاض الرحمان ساغر طویل علالت کے بعد اس دارفانی سے کوچ کر گئے۔ روزنامہ نوائے وقت میں ہر روز حالات حاضرہ پہ ان کی نظم کی شکل میں پڑھنے کو ملتی تھی۔ وہ کئی مقبول عام گانوں کے علاوہ فلم رائٹر بھی تھے۔ مرحوم نے کئی کتابیں بھی لکھیں۔ آپ نے فلمی شاعری کے حوالے سے خدمات کے اعتراف میں نیشنل فلم ایوارڈ، نگار ایوارڈ، پی ٹی وی ایوارڈ سمیت ”150“ سے زائد ایوارڈ حاصل کئے۔ ساغر صاحب کے لکھے گیت استاد مہدی حسن، ملکہ ترنم نورجہاں، نصرت فتح علی خان، اسد امانت علی خان، ناہید اختر، آشا بھوسلے، حدیقہ کیانی، عدنان سمیع، انور رفیع سمیت بہت سے نامور گلوکاروں نے گائے اور تقریباً سبھی گانے مشہور ہوئے۔ میرا چونکہ ریاض الرحمٰن ساغر صاحب کی فیملی کے ساتھ ہمسایہ کا تعلق ہے اس لئے مسز ساغر نے جو کہ اپنے شوہر کا واحد سہارا چھوٹنے پر شدت غم سے نڈھال ہیں اور اولاد نرینہ نہ ہونے کی وجہ سے اپنے مستقبل سے پریشان بھی۔ انہوں نے بتایا کہ آج تک جتنے بھی مشہور گلوکاروں نے ساغر صاحب کے لکھے گیت گائے اور شہرت کی بلندیوں تک پہنچے عدنان سمیع سمیت کسی نے رائلٹی نہ دی اور پلٹ کر پوچھا تک نہیں۔میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف صاحب جو کہ باصلاحیت لوگوں کی خبر گیری میں دیر نہیں کرتے آج کل چونکہ حکومت سازی میں مصروف ہیں امید ہے ساغر صاحب کی فیملی سے اظہار ہمدردی کے لئے ان کی خبر گیری کے لئے ضرور کچھ نہ کچھ کریں گے۔ (تہمینہ شیر درانی لاہور)
”ریاض الرحمٰن ساغر کی اہلیہ کیا بے سہارا ہو گئیں؟“....
”ریاض الرحمٰن ساغر کی اہلیہ کیا بے سہارا ہو گئیں؟“....
Jun 14, 2013