زرعی ٹیکنالوجی کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے: محکمہ زراعت

فیصل آباد (اے پی پی) حکومتی ہدایات کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ رقبہ کو زیر کاشت لانے اور غذائی اجناس کی بھر پور پیداوار کے حصول کےلئے محکمہ زراعت نے جدید زرعی پیداواری ٹیکنالوجی عام کاشتکاروں تک پہنچانے کےلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ کاشتکاروں کو گھر کی دہلیز کے قریب زیادہ سے زیادہ زرعی سہولیات کی بہم رسانی کے پروگرام پر عملد ر آمد کے علاوہ انہیں بر وقت مفید مشورے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ فی ایکڑ زیادہ سے زیادہ پیداوار اور صحت مند فصلوں کا حصول ممکن ہو سکے۔ محکمہ زراعت فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں تمام اضلاع میں فارمرز ڈے منانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے جہاں کاشتکار و کسان ماہرین زراعت سے بالمشافہ ملاقات کر کے اپنے مسائل بیان اور ان سے مفید مشورے حاصل کریں گے ۔ انہوںنے بتا یا کہ محکمہ زراعت کے افسران کو زرعی رقبوں کے دوروں کی بھی ہدائت کی گئی ہے تاکہ وہ زمین کے تجزیہ سمیت موقع پر ہی کسانوں کو بھرپور معاونت کی فراہمی میں مدد گار ثابت ہو سکیں۔

ای پیپر دی نیشن