زرعی ادویات میں ملاوٹ کیخلاف موثر مہم چلائی جائے: ڈاکٹر فرخ جاوید

لاہور (نیوز رپورٹر) ڈاکٹر فرخ جاوید وزیر زراعت پنجاب نے زرعی ادویات میں ملاوٹ کے مکمل خاتمہ کو یقینی بنانے کےلئے فوری اور موثر مہم کے آغاز کی ہدایت کی ہے۔ وہ گزشتہ روز محکمہ زراعت پنجاب کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں مومن آغا سیکرٹری زراعت پنجاب سمیت دیگر نے شرکت کی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز اور کاشتکاروں کے مسائل پر روشنی ڈالی اور ان مسائل کے حل کےلئے محکمہ زراعت کی منصوبہ بندی کی وضاحت کی تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر نور الاسلام ڈائریکٹر جنرل زراعت (تحقیق) نے بتایا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ، فیصل آباد کے تحت اب تک مختلف فصلوں کی 426 اقسام دریافت کی گئی ہیں اور اس وقت کپاس کا 80فیصد رقبہ اس ادارہ کی تیار کردہ اقسام کے زیرکاشت ہے۔ پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کے نمائندہ نے بتایا کہ 53اہم زرعی منصوبوں کےلئے ادارہ کی طرف سے فنڈز مہیا کئے گئے ہیں، جن میں سے 10 منصوبے مکمل ہونے کے بعد کمرشلائزیشن کے مرحلہ تک پہنچ چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن