لاہور (پ ر) ملک بھر کے محنت کشوں نے وفاقی بجٹ میں اس سال مہنگائی کے مطابق سرکاری و نیم سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہ کرنے پر سخت مایوسی کا اظہار و زبردست احتجاج کیا ہے اور وزیراعظم پاکستان اور وزیر خزانہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ وفاقی بجٹ میں نظرثانی کر کے محنت کشوں و سرکاری و نیم سرکاری اور نجی اداروں میں تعینات ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 30 فیصد اضافہ کریں۔ یہ مشترکہ بیان بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری پاکستان ورکرز کنفیڈریشن، روبینہ جمیل، یوسف بلوچ، خوشی محمد کھوکھر، نیاز احمد خان، ناصر گلزار، اسامہ طارق، محمد اکبر خان، ایمپلائیز یونین و دیگر مزدور رہنماﺅں نے لاہور سے جاری کیا۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے قرضہ اتارنے کے اقدام پر تحسین کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت بند پاور ہاﺅسوں کو سی این جی بند کر کے آئل اینڈ گیس مہیا کرے۔