لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ حکمران میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف آواز بلند کریں، او آئی سی میانمار حکومت پر دباﺅ ڈالے اور اقوام متحدہ کو بھی کارروائی کرنے پر مجبور کریں۔ میانمار کے مسلمانوں پر تاریخ کا بدترین تشدد اور قتل عام ہو رہا ہے پاکستان اور عالم اسلام کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ برمی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں بچوں کو ذبح کیا ج ا رہا ہے اور جلایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی شالامار ٹاﺅن کے زیر اہتمام دروغہ والا میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجتماع سے سید اصغر علی شاہ، حافظ نصیر احمد نورانی، مفتی تصدق حسین، قاری منظور جماعتی، پیر غلام رسول نقشبندی، قاری خلیل مہروی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ میانمار مسلمانوں کے بیہمانہ قتل عام پر مسلم حکمرانوں اور اُمت مسلمہ کی خاموشی بے غیرتی اور بے حسی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کی غیرت کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں، عورتوں اور بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کا حساب تمہیں دینا ہو گا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ برمی مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف میانمار کے سفیر کو سخت احتجاج کے بعد ملک بدر کردے۔