مستحقین زکٰوة کو رقوم کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے: صوبائی وزیر

لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے تمام ڈویژنل و ضلعی افسران زکوة کو سختی ہدایت کی کہ مستحقین کو زکوة، گزارہ الاﺅنس، شادی گرانٹ اور دیگر مدات میں رقوم کی بروقت تقسیم کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز محکمانہ بریفنگ کے دوران کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری زکوة جہانزیب خان،ایڈمنسٹریٹر زکوة محمد یوسف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبہ میں 24115زکوة کمیٹیاں کام کر رہی ہیں جبکہ بعض وجوہ کی بنا پر 305کمیٹیاں کام نہیں کر رہی جس پر صوبائی وزیر نے سیکرٹری زکوة کو ہدایت کی کہ زکوة کمیٹیوں کی تعداد کو ہر صورت پورا کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری زکوة کو ہدایت کی کہ لوکل زکوة کمیٹیوں اور ضلعی زکوة کمیٹیوں کے حوالے سے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کو جلد نمٹانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں 8چیئر مینوں اور 16ممبر ضلعی زکوة کمیٹیوں کی خالی آسامیوں پر تقرری کے لئے انتخابی عمل جلد شروع کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی صوبائی زکوة کونسل کی تشکیل کیلئے سفارشات جلد تیار کر کے بھیجی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی زکوة کمیٹیوں میں ممبر خواتین کی تعداد کو بڑھایا جائے اور اسے مرد ممبران کی تعداد کا 33فیصد ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مخیر حضرات، صنعت کاروں، چیمبر آف کامرس کے صدور اور بااثر افراد سے رابطہ کر کے زکوة فنڈ میں رقوم دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کو زکوة فنڈ سے امداد دینے کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن