4 خود کشیاں: فیصل آباد میں 2 نوجوانوں نے زہر کھا کر زندگی ختم کر لی

Jun 14, 2014

فیصل آباد +  صدر گوگیرہ+  لاہور (نمائندہ خصوصی +  نامہ نگار +این این آئی) مختلف وجوہات پر لڑکی سمیت 4 افراد  نے زندگی ختم کر لی۔ فیصل آباد میں بیروزگاری کے ستائے 30 سالہ نوجوان اور والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ نوجوان نے زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق مرضی پورہ کے علاقے چراغ ٹاؤن کے محمد شفیق کے بیس سالہ بیٹے عامر شفیق نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسا۔ سمندری کے علاقہ 44 ج ب کے محمد اسماعیل کا تیس سالہ بیٹا فریاد علی عرصہ دراز سے بیروزگار تھا جس نے گزشتہ روز بیروزگاری سے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کر دی ہیں۔صدر گوگیرہ  میں لڑکی نے  زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ نواحی گاؤں 36 جیڈی میں  صفیہ  بی دختر  عبدالرزاق  نے گھریلو تنازعہ پر زہریلی گولیاں کھا لیں۔  ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق کے علاقہ گجر پورہ میں دو بچوں کے باپ نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر پنکھے سے جھول کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا‘ خود  کشی کرنے والے سعید کے اہل خانہ کے مطابق اس کا اپنی اہلیہ سے جھگڑا رہتا تھا اور گذشتہ روز جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے گھر میں پنکھے سے جھول کر اپنی زندگی  کا خاتمہ کر لیا۔ خود کشی کرنے والے سعید کے دو بچے ہیں۔
زندگی ختم

مزیدخبریں