ہاکی ورلڈ کپ اختتامی مراحل میں داخل ..........چیمپیئن کا فیصلہ کل ہوگا

Jun 14, 2014

اعجاز احمد شیخ
عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ 2014ءاپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جس کا چیمپیئن کون ہوگا اس بات کا فیصلہ کل بروز اتوار کو ہونے والے فائنل میچ سے ہوگا تادم تحریر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچز ہونا باقی تھے جس میں تین مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ہالینڈ، دو مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلیا، 1986ءکی رنر اپ انگلینڈ کے علاوہ ارجنٹینا نے رسائی حاصل کر رکھی ہے۔ میگا ایونٹ کی چار مرتبہ کی عالمی چیمپیئن پاکستان ٹیم کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی اور اسے گھر بیٹھ کر تمام میچز کا نظارہ کرنا پڑا تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کو ملک میں پڑنے میں سخت گرمی سے نجات کے لیے چند روز یورپ کے ٹھنڈے موسم میں گزارنے کا موقع مل گیا۔ پاکستان ہاکی کا مستقبل کیا ہوگا اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم ہالینڈ کے شہر میں جاری عالمی ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ نے ملائیشیا کو شکست دیکر میگا ایونٹ کی آخری ٹیم بنا دیا ہے چار سال قبل آخری ٹیم ہونے کا اعزاز پاکستان ٹیم کے پاس تھا۔ میگا ایونٹ میں آج بروز ہفتہ کو مردوں کا صرف ایک میچ کھیلا جائیگا جس میں بھارت اور کوریا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی جو ٹیم بھی کامیابی حاصل کرئے گی اسے ٹورنامنٹ میں نویں جبکہ ہارنے والی ٹیم دسویں پوزیشن پر چلی جائے گی۔ اتوار کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے لیے سپین اور نیوزی لینڈ کے درمیان جوڑ پڑے گا جبکہ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لیے میچ بیلجیئم اور جرمنی کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔ تادم تحریر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل نہیں کھیلے گئے تھے جس میں ناکام رہنے والی ٹیموں کے درمیان تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچ ہوگا جبکہ سیمی فائنل کی کامیاب ٹیموں کے درمیان ٹائٹل کا مقابلہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سوا چھ بجے شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا گروپ اے میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بلجیئم، سپین، انڈیا اور ملائیشیا جبکہ گروپ بی میں ہالینڈ، ارجنٹینا، جرمنی، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل تھیں۔ ابتدائی مرحلے کے میچز مکمل ہونے کے بعد گروپ اے سے آسٹریلیا اور انگلینڈ جبکہ گروپ بی سے میزبان ہالینڈ اور ارجنٹینا کی ٹیموں نے سیمی فائنل مرحلے کے لیے رسائی حاصل کی۔ ارجنٹینا کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کی بنا پر ابھر کر سامنے آئی ہے پہلی مرتبہ اس نے سیمی فائنل مرحلہ تک کوالیفائی کیا ہے جس کا تمام سہرا اس کے پنلٹی سوٹ آوٹ کے ماہر گونزالو پیلٹ کو جاتا ہے جنہوں نے 9 مرتبہ بال کو جال کی راہ دکھائی ہے۔ ارجنٹینا کی ٹیم کی فائنل تک رسائی کا دارومدار بھی اسی کھلاڑی کی کارکردگی پر ہوگا۔ تادم تحریر ٹورنامنٹ کے 31 میچز کھیلے جا چکے تھے جن میں مجموعی طور پر 135 گول ہو چکے ہیں جو فی کس میچ 4.35 بنتے ہیں۔

مزیدخبریں