اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے دس دن میں جواب طلب کرلیا ہے ۔جمعہ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسرار احمد عباسی بنام پرویز راٹھور کیس کی سماعت ہوئی ۔ جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ کیس کی سماعت کے دوران اسرار احمد عباسی پیمرا کے پرائیویٹ رکن عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ سماعت پر فاضل جج صاحب نے قائم مقام چیئرمین پیمرا کو کام سے روک دیا تھا اور آرڈر جاری کیا تھا کہ جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوجاتا اس وقت تک وہ اپنے اختیارات استعمال نہیں کرسکتے لیکن اس کے باوجود وہ ادارے کے اندر اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ درخواست گزار نے کہا کہ پیمرا کے دیگر کیسز بھی عدالت میں زیر التواء ہیں۔ عدالت نے قائم مقام چیئرمین کو کام سے روک دیا تھا لیکن عدالت کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ۔ درخواست گزار نے 9جون کو توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے ایک اور کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا کے اندر دو گروپوں کی لڑائی چل رہی ہے۔ دونوں گروپ ایک دوسرے پر تلواروں سے حملے کررہے ہیں ۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے قائم مقام چیئرمین پیمرا کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے دس دنوں میں جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
توہین عدالت نوٹس