یوسف رضا گیلانی کو گرفتار کرنے کیلئے ایف آئی اے کا گھر پر چھاپہ

Jun 14, 2014

ملتان (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے نے ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم سابق وزیراعظم گھر پر موجود نہیں تھے جس پر ایف آئی اے کی ٹیم واپس چلی گئی۔ واضح رہے کہ اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹڈاپ سکینڈل کیس میں گیلانی اور امین فہیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں جس کے باعث اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے ارتضیٰ حیدر شاہ کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم نے گزشتہ روز ملتان میں سابق وزیراعظم کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اس حوالے سے یوسف رضا گیلانی نے صحافیوں کو بعدازاں بتایا کہ جب ایف آئی اے کی ٹیم آئی وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایف آئی اے نے گرفتار ہی کرنا ہے تو جب چاہے آجائیں۔ واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے سیکرٹری کی آئندہ پیشی پر حاضری کی یقین دہانی پر ٹیم واپس گئی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں پریس کانفرنس میں بتا چکا ہوں کہ 17 جون کو میں خود عدالت میں پیش ہوں گا۔ میرے کہنے کے باوجود ایف آئی اے والے گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔ ایف آئی اے ٹیم میرے گھر پر ناقابل ضمانت وارنٹ لے کر پہنچی۔ سرچ وارنٹ نہ ہونے کے باعث ایف آئی اے کی ٹیم گھر داخل نہ ہوئی۔ گیلانی نے کہا کہ میں احتساب عدالت میں پیش ہونگا۔ ایف آئی اے والے وہاں مجھے گرفتار کر کے شوق پورا کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور اغواء برائے تاوان کرنیوالے پکڑے جاتے نہیں، حکومت ہمارے پیچھے پڑ گئی۔ انہوں نے کہا ایف آئی اے حدود سے تجاوز نہ کرے کہیں ہم کہنے پر مجبور ہو جائیں کہ ہم ایف آئی اے کو نہیں مانتے۔

مزیدخبریں