کراچی ( آئی این پی ) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے طویل اجلاسوں اور تقاریر میں سونے کا اپنا ریکارڈ سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بھی برقرار رکھا ۔ صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے انگریزی میں طویل بجٹ تقریر کی دوران اپوزیشن ارکان ایوان میں شور شرابا اور احتجاج بھی کرتے رہے تاہم اتنے زیادہ شور اور ہنگامے کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اپنی نشست پر سوتے رہے اور نجی ٹی وی چینلز نے بار بار انکی تصاویر ٹی وی پر دکھائیں اور یہ تبصرہ کرتے رہے کہ سائیں سوتے رہے اور بجٹ پیش ہوتا رہا تاہم کسی بھی صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ کی نشست پر جا کر انہیں جگانے کی کوشش نہیں کی ۔ سید قائم علی شاہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ اسمبلی کے اجلاسوں کے علاوہ اہم تقاریب میں طوالت کے باعث سوتے رہے ہیں جس پر نہ صرف الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کا مذاق اڑایا جاتا رہا ۔ سندھ اسمبلی میں سندھی زبان بولنے والوں کے سامنے سندھی اور اردو کی بجائے انگلش میں بجٹ پیش کیا گیا۔ کچھ ارکان اسمبلی صرف منہ دیکھتے رہے کہ وزیر خزانہ کچھ بول رہے ہیں لیکن ان کے کسی لفظ کو سمجھ نہ سکے۔ سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران اچانک پوری اسمبلی کا اے سی سسٹم خراب ہوگیا جس کی وجہ سے ارکان اسمبلی گرمی سے شدید پریشان ہوئے خصوصاًخواتین ارکان اسمبلی کی حالت قابل دیدتھی کیونکہ انکا میک اپ خراب ہونا شروع ہوگیا تھا۔
قائم علی شاہ/ ریکارڈ