عمران کیخلاف ہرجانہ کیس‘ بابر اعوان کو متنازعہ حیثیت کے حوالے سے جواب کیلئے ایک اور موقع

Jun 14, 2015

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) قائم مقام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف 20 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت میں عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کو متنازعہ حیثیت کے حوالے سے جواب جمع کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ 20 ارب ہرجانہ کیس فاضل عدالت کے دائر کار سے باہر ہے جبکہ وہ عائد کئے جانیوالے 500 روپے جرمانہ کو چیلنج کریں گے جبکہ سابق چیف جسٹس کے وکیل کا کہنا تھا کہ فریق وکیل متنازعہ حیثیت رکھتے اور انکے موکل سے تعصب و عناد رکھتے ہیں وہ مقدمہ میں پیش ہی نہیں ہوسکتے۔ ہفتہ کو فاضل عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی جانب سے شیخ احسن الدین، سید نایاب حسن گردیزی، توفیق آصف، عامر مغل اور چودھری ساجد سمیت دیگر وکلاء جبکہ عمران خان کی طرف سے بابر اعوان پیش ہوئے۔ بابر اعوان نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ 20 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے اور اس سلسلے میں ہماری درخواست زیر التوا ہے مگر عدالت نے اس درخواست پر نوٹس جاری نہیں کئے۔ اس موقع پرسابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے وکیل شیخ احسن الدین نے کہا کہ بابر اعوان ہمارے موکل افتخار چودھری کے خلاف ذاتی تعصب رکھتے ہیں اسلئے وہ اس کیس میں پیش نہیں ہو سکتے اور اس حوالے سے ہم نے بابر اعوان کی متنازعہ حیثیت کو چیلنج کر رکھا ہے، بار بار جواب طلبی کے باوجود انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا حالانکہ جواب نہ دینے پر عدالت نے انہیں پانچ سو روپے جرمانہ بھی کیا ہے جو انہوں نے جمع تک نہیں کرایا۔ فاضل جج نے وکیل بابر اعوان کو متنازعہ حیثیت کے حوالے سے دائر درخواست کا جواب داخل کرانے کیلئے ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں