شیخوپورہ:گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے بھابھی بھتیجی کو قتل کر دیا

Jun 14, 2015

شیخوپورہ (نامہ نگارخصوصی) قصبہ بھکھی کے محلہ گرجا گلی میں سگے دیوروں نے دن دیہاڑے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے بھابھی کو بھتیجی سمیت قتل کر دیا، بروقت اطلاع کے باوجود چند فرلانگ پر تھانہ بھکھی پولیس بھی دو گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی ۔ بتایا گیا ہے کہ رقیہ بی بی نے چند ماہ قبل اپنی بیٹی کی شادی اپنے دیوروں کی مشاورت کے بغیر کی جس کا انہیں رنج تھا اور آئے روز لڑائی جھگڑا کرتے رہتے تھے۔ گزشتہ روز عاشق مسیح، ندیم مسیح، اقبال مسیح وغیرہ نے موقع پاکر تھانہ بھکھی سے چند فرلانگ کے فاصلہ پر واقع گرجا گلی میں اکرم مسیح کے گھر داخل ہوکر رقیہ بی بی اور اسکی بیٹی نازیہ کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ فائرنگ کے بعد ماں،بیٹی زخمی حالت میں گلی میں مدد پکارتی رہی مگرریسکیو ٹیمیں اور پولیس گھنٹوں بعد جائے وقوعہ پر پہنچی تب تک دونوں زندگی کی بازی ہار چکی تھیں۔ علاقہ کے عوام نے پولیس کی روایتی غفلت کیخلاف احتجاج بھی کیا۔

مزیدخبریں