قومی وطن پارٹی کی خیبر پی کے حکومت میں واپسی کیلئے تحریک انصاف سے مذاکرات فائنل

Jun 14, 2015

پشاور (ایم ریاض سے) قومی وطن پارٹی کی خیبر پی کے حکومت میں واپسی کے لئے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات فائنل ہو گئے اور توقع کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ سکندر شیرپاؤ سینئر وزیر جبکہ خاتون ایم پی اے انیسہ زیب کو ڈپٹی سپیکر تعینات کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ آفتاب شیرپاؤ کی پارٹی قومی وطن پارٹی اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو چکے ہیں جس کی بناء پر قومی وطن پارٹی نے دوبارہ حکومت میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 مئی کو بلدیاتی الیکشن میں قومی وطن پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان قربتیں پیدا ہو گئی تھیں اور چند اضلاع میں دونوں کے درمیان بیک ڈور سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہوئی تھی اور بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی اور بدنظمی کے خلاف سہ فریقی اتحاد کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کے بائیکاٹ کے باوجود قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ اور ان کے رہنماؤں نے اے پی سی میں شرکت کی تھی جس کی وجہ سے حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کامیابی ملی تھی اور ہڑتال و شٹر ڈاؤن ناکام ہوا تھا قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ کی اے پی سی میں شرکت پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

مزیدخبریں