پاکستان دشمن این جی اوز کو یہاں کام کرنے کا حق نہیں: سراج الحق

چارسدہ (صباح نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ دشمن کے ایجنڈے پر کام کرنے والی این جی اوز کو پاکستان میں کام جاری رکھنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے بالآخر اعتراف کرکے ہمارے مؤقف کی تائید کر دی ہے۔ وہ اتمانزئی چارسدہ میں نومنتخب کونسلروں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ این جی اوز کے بھیس میں مغربی طاقتیں پاکستان میں اپنی ثقافت پھیلا رہی ہیں اس نظریاتی ملک کو توڑنا چاہتی ہیں۔ اس پر ہمیں تنگ نظری کے الزام دئیے جاتے تھے لیکن اب وزیر وزیر داخلہ نے حقیقت سے پردہ اٹھا لیا ہے۔ انہوں نے کہا ایسی این جی اوز پر فی الفور پابندی لگائی جائے اور پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ سراج الحق نے کہا بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کے قیام میں اپنی دہشت گرد تنظیم مکتی باہنی کے کردار کا اعتراف کرکے اپنا گھنائونا چہرہ خود دنیا کو دکھا دیا۔ انھوں نے کہا مودی کا اعترافی بیان ایک طرف انتہائی قابل مذمت ہے تو دوسری طرف پاکستان کی سالمیت کے لئے قربانی دینے والی البدر اور الشمس تنظیموں کے ہزاروں نوجوانوں کی شہادت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شفاف انتخابات کرانے کیلئے ضروری ہے کہ الیکش کمیشن کے پاس اپنا ایماندار اور باصلاحیت عملہ ہو تاکہ الیکش کمیشن نااہل اور بددیانت افسروں کا محتاج نہ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات پر سوالات اٹھ رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی بدنظمی اور ناہلی کا ریٹرننگ افسروں کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے ریٹرننگ افسروں پر نتائج بدلنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں ہوتی ہیں ان اداروں میں اہل اور دیانتدار افراد کے آنے سے ملک‘ سیاست اور جمہوریت کو استحکام ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...