سرینگر (آن لائن+نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ایجنٹوں نے سوپور میں خورشید احمد بٹ نامی ایک اور آزادی پسند کارکن کو قتل کر دیا ہے۔ حریت رہنما علی گیلانی کو دوبارہ گھر میں نظربند کردیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلح افراد نے خورشید احمد بٹ کو سوپور کے علاقے بومئی میں گزشتہ رات انکے گھر کے باہر گولیاں ما ر دیں جس سے وہ شدید زخمی ہوئے ۔ خورشید کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سوپور پہنچا یا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے خورشید احمد کے قتل کی سخت مذمت کی ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو پھر گھر میں نظر بند کردیا ہے ۔ حریت رہنما کو پاکستان سے محبت کے اظہار میں گھر میں نظر بند کیا گیا۔سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے نہتے کشمیریوں پر مظالم میں اپنے پیشرو عمر عبداللہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور انہوں نے آزادی پسند قیادت کیخلاف انتہائی جارحانہ محاذ کھول رکھا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مسلح بھارتی ایجنٹوں کے ہاتھوں حریت کارکن الطاف احمد شیخ کے قتل کیخلاف مقبوضہ علاقے کے مختلف مقامات پر پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔کلجماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ محمدعمر فاروق نے جموں خطے میں مسلمانوں کو جنگلاتی اراضی خالی کرانے کی آڑ میں اپنی زمینوں اور گھروں سے بے دخل کرنے کے ناروا اقدام کو نا قابل قبول قرار دیتے ہوئے خبرادر کیا ہے کہ اگر کٹھ پتلی حکومت نے اس سلسلے کو فوراً بند نہیں کیا تو اسکے خلاف سخت رد عمل ظاہر کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے جموںوکشمیر مسلم لیگ کے دو کارکنوں کے خلاف کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جاوید احمد نائیکو اور سہیل احمد کلوال نامی کارکنوں کو رواں برس اپریل میں ایک ریلی کے دوران پاکستان کا جھنڈا لہرانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا تھا۔دونوں کارکنوں کے خلاف اب کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیاہے۔کالا قانون لاگو کیے جانے کے بعد جاوید احمد نائیکو کو سینٹرل جیل سرینگر جبکہ سہیل احمد کلوال کو کپواڑہ سب جیل میں منتقل کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میںبزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے بومئی سوپور کے ایک عام شہری خورشید احمد بٹ کے پُراسرار قتل پر اپنے گہرے رنج وغم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف (آج) اتوار کو ضلع بارہ مولہ میں ہڑتال کی کال دی ہے۔ ادھرکشمیری رہنما یاسین ملک نے کشمیر سے مسلمانوں کی آبادی ختم کرنے کے بھارتی عزائم پر بھارتی حکومت کے خلاف بھوک ہڑتال کر دی۔