اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) 2010ء میں پاکستانی حکومت کی جاسوسی کا ایک اور انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارتخانوں میں لگی فیکس مشینیں جاسوس نکلیں۔ جاسوس مشینیں ایک فیکس اِدھر اور اسکی کاپی اُدھر فیکس کردیتی تھیں۔ جاسوس فیکس مشینیں ایک دوست ملک نے پاکستان کو تحفتاً دی تھیں۔ ایک سابق انٹیلی جنس چیف نے انکشاف کیا کہ دوست ملک نے جاسوسی کا سافٹ ویئر لگا کر فیکس مشینیں تحفے میں دیں جو دفتر خارجہ اور بعض بیرون ملک سفارتخانوں کو بھجوا دی گئیں۔ کچھ عرصہ بعد پتا چلا کہ معاملہ گڑ بڑ ہے، ان فیکس مشینوں میں جو فیکس آتی یا جاتی تھی اسکی ایک کاپی خود کار نظام کے تحت تحفہ دینے والے دوست ملک کے ایک ادارے کو پہنچ جاتی تھی۔ جاسوسی کا انکشاف ہونے پر فیکس مشینوں کو فوری ہٹا دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دینے سے انکار کردیا۔