4 ہزار ہنرمند نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضوں کا اعلان: میٹرو بنانا گناہ ہے تو 100 بار کرونگا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، ملک و قوم کے مستقبل کو تابناک بنانا ہماری ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت نے آئندہ 3 برس میں 20 لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے جسے ہر صورت میں پورا کیا جائیگا، اگلے 3 برس میں 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بناکر ملک و قوم کی تقدیر بدل دینگے۔ دشمن پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام چاہتا ہے، سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے اور اتحاد کی قوت سے دشمن کو شکست دینگے اور اس کے مذموم عزائم خاک میں ملا دینگے، میٹرو بس منصوبے محنت کشوں، اساتذہ، بیوائوں، یتیموں اور عام آدمی کیلئے ہیں ایسے منصوبے بنانا گناہ ہے تو میں یہ گناہ 100 بار کرونگا۔ عالمی بنک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر مالیاتی ادارے نوجوانو ںکو ہنرمند بنانے کے پروگراموں میں تعاون کریں تو خوش آمدید کہیں گے، تاہم اگر وہ ساتھ نہ بھی دیں تو ہم پھر بھی پاکستان کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے کیلئے اپنا پیٹ کاٹ کر وسائل دیں گے اور ضمن میں میں اربوں روپے دینے کیلئے تیار ہوں، وزیراعلیٰ نے 4 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو 75، 75 ہزار روپے کے بلاسود قرضے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرضے ’’اخوت‘‘ اور ٹیوٹا کے اشتراک سے فنی تربیت مکمل کرنے والے ہنرمند نوجوانوں میں تقسیم کئے جائیں گے جس کیلئے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ، اس شاندار پروگرام کا مقصد تربیت مکمل کرنے والے ہنرمند نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار کی فراہمی ہے، نوجوانوں پر مشتمل 60 فیصد آبادی کو بااختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے، ٹیوٹا فنی تعلیم کے فروغ اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے، ادارے کی کاوشوں سے سکل ڈویلپمنٹ میں انقلاب برپا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سنٹر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے زیراہتمام 2 روزہ سکلزایکسپو اور جاب فئیر2015ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے ٹیوٹا سکلز ایکسپو 2015ء اور کیرئیر کونسلنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا کے زیراہتمام سکلز ایکسپو کا انعقاد شاندر اقدام ہے اور یہ گزشتہ 7 برس میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد پروگرام ہے۔ ٹیوٹا، پی وی ٹی سی اور سکل ڈویلپمنٹ کمپنی جیسے ادارے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ نمائش معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں ممدو معاون ثابت ہوگی، عمارتوں پر رقوم خرچ کرنے کی بجائے طلبا و طالبات کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہی پنجاب حکومت کا ویژن ہے اور یہی پاکستان کو آگے لے جانے کا واحد راستہ ہے۔ زراعت، صنعت و حرفت اور دیگر شعبوں میں نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنا کر پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اس ضمن میں ٹیوٹا انتہائی موثر انداز میں کام کر رہا ہے، ماضی میں یہ تاثر رہا ہے کہ بڑی آبادی مسائل کو گھمبیر کر دیتی ہے اور ترقی کی شرح میں رکاوٹ پڑتی ہے، تاہم نوجوانوں پر مشتمل پاکستان کی 60 فیصد آبادی اگرچہ ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے اور ہمیں اس چیلنج کو مواقع میں بدلنا ہے۔ ہمیں اس چیلنج کو قبول کرکے آگے بڑھنا ہے۔ پنجاب حکومت نے صنعت، زراعت اور معاشی ترقی کے دیگر شعبوں اور فنی تربیت کے اداروں کے درمیان مربوط رابطہ بحال کیا جس سے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کی جا رہی ہے جس سے ملک کی معیشت ترقی کرے گی۔ تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر ایسا جامع اور مربوط پروگرام وضع کریں جس سے نوجوانوں کو معیاری ہنر سکھایا جاسکے اور اس مقصد کیلئے کروڑوں نہیں، اربوں روپے فنڈز بھی فراہم کرنے کیلئے تیار ہوں، ملک کا مستقبل سنوارنے کیلئے اگر ہمیں اپنا پیٹ بھی کاٹنا پڑا تو ہم پیٹ کاٹیں گے اور نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے۔ اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا فرض ادا کرنا پڑے گا۔ میری صنعتکاروں، کاروباری شخصیات، فنی تربیت کے اداروں، اساتذہ اور تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل ہے کہ وہ آگے آئیں اور پاکستان کے مستقبل کیلئے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ایسے کورسز اور تربیت فراہم کریں جس کی نہ صرف بیرون ملک بلکہ مقامی سطح پر بھی مانگ ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی و انتہاپسندی نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پاک افواج، پولیس اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ پاکستان اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انشاء اللہ دہشت گردی کو شکست دیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اگرچہ بندوق کی گولی ضروری ہے تاہم اس کے ساتھ سکل ڈویلپمنٹ، تعلیم، صحت، روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمے کی گولیاں بھی ضروری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عوام کے فلاحی منصوبوں پر مخالفین کی تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس منصوبے غریب اور عام آدمی کیلئے ہیں۔ اشرافیہ کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت کی بلٹ پروف گاڑیاں منگوائی جائیں تو وہ ٹھیک ہے لیکن اگر عام آدمی کے فلاحی منصوبے پر وسائل خرچ کئے جائیں تو اس پر اعتراض کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس سے محنت کش، اساتذہ، وکلائ، بیوہ، یتیم اور عام آدمی مستفید ہو رہے ہیں۔ عام آدمی کیلئے منصوبے بنانا اگر گناہ ہے تو میں یہ گناہ سو بار کرنے کیلئے تیار ہوں۔ پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ غریب عوام کی طرف موڑ دیا ہے۔’’اخوت‘‘ تنظیم کے ذریعے 11 لاکھ خاندانوں کو 11 ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کئے گئے ہیں اور ان قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد سے زائد ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو خوشحال بنانا اور ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا ہمارا مشن ہے جس کی تکمیل کیلئے ہرممکن کوشش کی جائیگی۔ صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ٹیوٹا کے زیراہتمام نمائش میں شرکت کرکے ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سنٹر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے زیراہتمام 2 روزہ سکلز نمائش اور جاب فئیر 2015ء کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور سکلز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مختلف کمپنیوں و اداروںکی جانب سے لگائے گئے سٹالز پر نوجوانوں کی مہارت و تربیت کے ساتھ ان کی بنائی گئی اشیاء اور ہنر کی تعریف کی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...