ملتان (نامہ نگار خصوصی) سابق وفاقی وزیر اور تنظیم السعید کے مرکزی صدر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ تنظیم السعید دنیا میں اسلام کا اصل چہرہ اُجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی کیونکہ اس وقت اسلام اور مسلمان کو دنیا میں دہشت گرد کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے ملک میں تخریب کاری دہشت گردی کے خلاف دوستوں کو سرگرم کریں جو اپنے کردار سے دہشت گردوں کو شکست دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس اور تنظیم السعید کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ غزالی زماں سید احمد سعید کاظمیؒ کے آستانے سے منسلک عقیدت مندوں کی تنظیم کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی تاکہ مرشد کے مشن کے فروغ کیلئے منظم انداز میں کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ممکن کوشش کی گئی ہم جیسے پرامن لوگوں کو ہتھیار اٹھانے پر مجبور کیا جائے۔ لیکن ہم نے پیغام دیا کہ لاشیں اٹھا سکتے ہیں اگر ہتھیار اٹھائے تو بہت بڑا نقصان ہو جائے گا۔ پھر ہم میں اور دہشت گردوں میں کیا فرق رہے گا۔ ہمیں جتنا بھی مشعل کیا جائے ہم امن کے درس کو نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی منافرت پھیلا کر فساد برپا کرنا آسان ہے لیکن غزالی زماں سید احمد سعید کاظمیؒ نے کبھی کسی کی دل آزاری نہیں کی۔ انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے زیراہتمام فری ڈسپنسری فری لیگل ایڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام اور امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر ملتان کے ضلعی صدر طاہر حامد سعیدی، راجن پور کے صدر چودھری افتخار سعیدی، ضلعی صدر وہاڑی حافظ ارشاد احمد سعیدی، ضلعی صدر لودھراں غلام مصطفیٰ خان سعیدی سٹیج پر جبکہ ضلع خانیوال کے راﺅ خاور سعیدی، بہاولپور کے حافظ جندوڈہ سعیدی، رحیم یار خان حافظ محمد الیاس سعیدی، مظفر گڑھ کے حاجی محمد اقبال لاشاری، ضلع ڈیرہ غازیخان کے صدر مولانا سعید احمد سعیدی اور ضلع بہاولنگر کے علامہ عبدالقیوم سعیدی اور دیگر عہدیداران سے بھی حلف لیا گیا۔