لاہور + پیر محل (نامہ نگاران) گرمی سے بھکاری جاں بحق، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ بھی جاری، روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا جبکہ پشاور میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ تھانے کا گھیراؤ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر محل میں گرمی نے بھکاری کی جان لے لی۔ پیر محل شہر کے جنرل بس سٹینڈ میں ادھیڑ عمر بھکاری بھیک مانگتے گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکا۔ شرقپور شریف اور گردو نواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا لیسکو کیخلاف احتجاج، کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جن میں شریک سینکڑوں افراد نے حکومت اور لیسکو کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ مساجد کے نماز اور علمائے کرام بھی بلبلا اٹھے۔ ننکانہ شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 جبکہ دیہات میں 16 گھنٹے سے تجاوز کر جانے کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، خواتین بچوں اور بوڑھوں کو مشکلات کا سامنا، شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح توانائی بحران پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ نارووال، منڈی بہاؤ الدین، ساہوکا، کمالیہ میں سحری افطار اور نماز تراویح کے وقت لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کا سامنا ہے۔کوٹ رادھاکشن میں واپڈا کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ اووربلنگ کی انتہا پر، شہری سراپا احتجاج بن گئے، اعلیٰ حکام سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ لیسکو کا صارفین کو اپنے لائن لاسز کم کرنے کے لئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کرنا معمول بن گیا۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا صارفین شدید پریشان ہیں۔ نو منتخب کونسلر اعظم راجو کے مطابق اُن کی وارڈ کے متعدد صارفین روزانہ لیسکو دفاتر کے چکر کاٹتے ہیں جہاں پر اُن کی دادرسی کی بجائے اُن کے ساتھ بد تمیزی سے پیش آیا جاتا ہے۔ علی پور چٹھہ میں رمضان المبارک شروع ہوتے ہی غیر اعلانیہ 8 سے10گھنٹے لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی ہے۔ ٹرپنگ بھی جاری، حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد سٹی میں علی پور فیڈر کی مسلسل بیس گھنٹے بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے کہا علی پور فیڈر پر سارا سارا دن اور ساری ساری رات بجلی کو بند رکھا جانا معمول بن چکا ہے۔ پشاور سے آن لائن کے مطابق پشاور کے نواحی علاقہ خزانہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف دیہات کے عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ تھانہ خزانہ کا گھیرائو کر لیا۔ چارسدہ روڈ بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ خزانہ اور گرد و نواح کے دیہات میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے چارسدہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور گاڑیوں کی آمد و رفت کو روک دیا گیا لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مشتعل مظاہرین نے پیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے خزانہ پولیس سٹیشن کا بھی گھیرائو کرلیا۔ سڑک کھولنے سے انکار کر دیا۔ علاوہ ازیں جھنگ میں چوکی مکھیانہ کے گنجان آباد علاقہ چنبیلی مارکیٹ کے رہائشیوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا سڑک بلاک کر دی اور ٹائر جلا کر احتجاج شروع کر دیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا دو روز ہوگئے ہیں ٹرانسفارمر تبدیل نہیں ہوا۔