نوابشاہ:پرانی دشمنی پر2بچے قتل‘6افراد زخمی گیسٹرو نے 3ننھی کلیوں کی جان لے لی

Jun 14, 2016

نواب شاہ (آئی این پی) نوابشاہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے 2 کمسن بچوں کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ سے6 افراد زخمی بھی ہوگئے۔ نوابشاہ کے نواحی گاؤں مرزا فرخ بیگ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کمسن بچے 8 سالہ شہنیلا اور ڈھائی سالہ ذاکر حسین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعدلاشوں اور زخمیوں کو پی ایم یو ہسپتال نواب شاہ منتقل کر دیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ایک بچے کی حالت انتہائی نازک ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق بگٹی قبیلے سے ہے۔ دوسری جانب نوابشاہ میں دولت پور کے نزدیک واقع گاؤں لائق راہو میں شدید گرمی و گندا پانی پینے سے گیسٹرو کا مرض پھیل گیا جس کے نتیجے میں تین بچے فوزیہ، مصور اور عطاء اللہ راہو جاں بحق ہو گئے جبکہ عورتوں و بچوں سمیت 18افراد متاثر ہوئے جنہیں دولت پور،قاضی احمد اور نوابشاہ کے سرکار ی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ اس سلسلے میں علی نواز، گلاب اوٹھو اور دیگر نے بتایا کہ گاؤں میں گیسٹرو پھیلنے کی بروقت اطلاع محکمہ صحت کو دی گئی تھی لیکن متاثرہ گاؤں میں کوئی ٹیم روانہ نہیں کی گئی، اگر امدادی ٹیم بھیج دی جاتی تو قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا تھا۔

مزیدخبریں