اورلینڈ و:عمر متین کے گھر چھاپہ :داعش کیساتھ تعلقات کاثبوت نہیں ملا واقعہ مقامی نوعیت کا ہے :اوباما

Jun 14, 2016

واشنگٹن (رائٹر+اے ایف پی+ایجنسیاں) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملے کے بعد پولیس نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا اور اہلخانہ سے پوچھ گچھ کی۔ ملزم کے داعش سے تعلقات کے بعد تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے۔ پولیس نے عمر متین کے گھر چھاپہ مارا اور اس کے لیپ ٹاپ سمیت دیگر کئی دستاویزات قبضے میں لے لیں، ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملے کے بعد امریکہ بھر میں سوگ منایا جارہا ہے، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے وائٹ ہائوس کے سامنے شمعیں روشن کیں۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ عمر متین سے 2013 اور 2014 میں انتہا پسندوں سے تعلق کے شبہے میں تفتیش بھی کی گئی تھی مگر کوئی ثبوت نہ ملنے پر اسے چھوڑ دیا گیا تھا ملزم نے گزشتہ ہفتے ہی 2 گنیں خریدی تھیں حملے سے قبل ملزم نے پولیس ایمرجنسی نمبر 911 پر کال کر کے داعش سے وفاداری کا اعلان کیا تھا۔ اورلینڈو میں نائٹ کلب پر فائرنگ کے واقعہ میں افغان نژاد مسلمان امریکی شہری کے ملوث ہونے کے بعد امریکہ بھر میں مساجد کی سکیورٹی سخت کردی گئی۔ مختلف امریکی شہروں میں نماز تراویح سخت سیکورٹی میں ادا کی گئی۔ مسلمانوں پر ممکنہ حملوں کے پیش نظر پورے امریکہ میں مساجد اور اسلامک سینٹرز کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ ماضی میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات کے باعث امریکی حکومت نے سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائٹ کلب میں فائرنگ سے ہونیوالی ہلاکتوں میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ فیس بک نے امریکہ میں پہلی مرتبہ سیفٹی چیک کا فیچر متحرک کردیا۔ یہ اقدام ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ایک نائٹ کلب میں مسلح شخص کے ہاتھوں 50 افراد کی ہلاکت کے بعد کیا گیا۔ امریکی ٹی وی نے اورلینڈو نائٹ کلب واقعہ کو دوسرا ’نائن الیون‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ایک شخص کے ہاتھوں اتنی بڑی تعداد میں امریکیوں کے قتل عام کا اس سے قبل امریکی تاریخ میں کوئی واقعہ موجود نہیں ہے۔ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے، ذمہ داری داعش کے ترجمان نے ریڈیو بلیٹن سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔ البیان ریڈیو کے ایک بلیٹن سے گفتگو کرتے ہوئے داعش ترجمان نے کہا کہ "امریکہ میں مقیم عمر متین کو خدا نے اس کام کیلئے منتخب کیا خلیفہ کے اس سپاہی نے نائٹ کلب میں گھس کر اپنا کام بخوبی سرانجام دیا۔ڈائریکٹر ایف بی آئی جیمز کومے نے کہا ہے کہ حملہ آور کے بنیاد پرست ہونے کے قوی شواہد ہیں۔ فائرنگ کرنیوالا ممکنہ طور پر غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں سے متاثر تھا۔
اورلینڈو/حملہ
واشنگٹن (اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ اس بات کی کوئی واضح شادت نہیں ملی کہ اورلینڈو میں حملہ کرنے والا کسی غیرملکی کی ہدایات پر عمل کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ بندوق بردار انٹرنیٹ پر انتہا پسندوں کی طرف سے پھیلائی گئی معلومات سے متاثر ہوا ہو۔ تاہم ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ وہ کسی بڑے پلاٹ کا حصہ تھا۔ لگتا ہے اورلینڈو میں فائرنگ کرنے والا شدت پسندوں سے متاثر تھا تاہم اس بات کا ثبوت نہیں کہ فائرنگ شدت پسندوں کے کہنے پر کی گئی۔ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مقامی شدت پسندی کا واقعہ ہے۔ فائرنگ کرنے والے نے گنز قانونی طریقے سے خریدی تھیں۔ یقینی بنانا ہو گا کہ اسلحہ نقصان پہنچانے والے لوگوں کے ہاتھ میں نہ جائے۔ انتہا پسند نظریات کا مقابلہ دہشت گرد منصوبوں کو ناکام بنانے جتنا ضروری ہو گیا ہے۔ دہشت گرد گروپوں اور ہتھیاروں تک آسان رسائی کا سختی سے مقابلہ لازمی ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں