کابل( نوائے وقت رپورٹ) افغان صدارتی دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چینی وزیر خارجہ کا دورہ کابل جلد متوقع ہے۔ دورہ پاک افغان تعلقات کی بحالی کیلئے ہو گا۔ چینی وزیر خارجہ افغان حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور پاک افغان، چین امریکہ اجلاس کے امکانات پر بات کریں گے۔ افغان صدر نے کہا کہ چین پہلی بار افغان امن عمل میں ثالث بننا چاہتا ہے۔ نائب ترجمان صدر نے کہا ہے کہ مشترکہ اجلاس گزشتہ اجلاسوں سے مختلف ہو گا۔ آن لائن کے مطابق چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لئے ثالثی کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کر دی۔ واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب 31مئی کو کابل میں ہونے والے ٹرک بم دھماکے کے نتیجہ میں150سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ افغان طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، کابل دھماکے کے فوری بعد افغان حکام نے اس کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی تھی تاہم اسلام آباد نے الزامات کی تردید کر دی۔