اسلام آباد (آن لائن+ صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف کل پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ جے آئی ٹی نے وزیراعظم کو متعلقہ دستاویزات اور ریکارڈ ساتھ لانے کا کہا ہے۔ وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز 5بار اور حسن نواز 2بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔ نوازشریف سے لندن فلیٹس‘ قوم اور پارلیمنٹ سے خطاب اور حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق سوالات کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے سٹاف اور سکیورٹی عملے کے ساتھ جوڈیشل اکیڈمی پہنچیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف نے لیگی کارکنوں کو کل جوڈیشل اکیڈمی آنے سے روک دیا ہے۔ مسلم لیگی رہنما آصف کرمانی نے کہا وزیراعظم کو معلوم ہوا تھا کارکن اظہار یکجہتی کیلئے آنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کارکنوں سے کہا ہے وہ صرف ان کیلئے دعا کریں۔ وزیر اعظم کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے حوالے سے مئیر راولپنڈی سردار نسیم اور مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی آئے انہوں نے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے نے بھی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کی اطراف کی سڑکوں کی مرمت اور صفائی کا عمل شروع کردیا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اور گرد و نواح کی سکیورٹی کلیئرنس کی جائے گی جبکہ سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا پولیس اور خفیہ ادارے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اور گرد و نواح کی خصوصی کومبنگ کریں گے۔ وزیراعظم سکیورٹی کلیرنس کے بعد مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے لئے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی آئیں گے۔ اس سلسلے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے گرد و نواح میں سکیورٹی ڈیوٹیوں پر اہلکار مامور کر دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم / روک دیا